لاہور(این این آئی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ ریمنڈ ڈیوس کے ہاتھوں قتل کیے جانے والے شہریوں کے رشتہ داروں کو دیت دینے کے لیے چوبیس کروڑ روپے کہاں سے آئے؟نجی ٹی وی چینل سے
گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریمنڈ ڈیوس کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے لیے دباؤ تھا لیکن ایف آئی آر پنجاب حکومت نے ہی درج کرائی۔انہوں نے کہاکہ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ ریمنڈ ڈیوس کی دیت کی رقم کے معاملے پرسو موٹو نوٹس یا جے آئی ٹی بننی چاہیے جس سے پتہ چل سکے کہ دیت دینے کیلئے چوبیس کروڑ روپے کہاں آئے ؟۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ بھی جاری کی جانی چاہیے۔