لاہور( این این آئی)مسلم لیگ(ن) کی عید ملن پارٹی شدید بد نظمی کا شکار ہو گئی ، حال میں جگہ نہ ملنے کے باعث کارکن آپس میں الجھ پڑے ، خواجہ سعد رفیق کا خطاب ختم ہوتے ہی کارکنوں نے کھانے پر دھاوا بول دیا جس سے کئی کارکنوں کے کپڑے خراب ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی طرف سے خواجہ سعد رفیق کے حلقے میں عید ملن پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھاجس میں کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ حال میں جگہ کم ہونے کے باعث کارکن آپس میں الجھ پڑے اور گتھم گتھا ہو گئے
جنہیں انتظامیہ نے ہال سے باہر نکال دیا ۔ منتظمین کی طرف سے تقریب کے شرکاء کیلئے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا جبکہ مائیک کے ذریعے اعلانات کئے گئے کہ کھانا وافر مقدار میں ہے اور سب نے ڈسپلن کا مظاہرہ کرنا ہے تاہم مہمان خصوصی خواجہ سعد رفیق کی تقریر ختم ہوتے ہی کارکن پیشگی کئے گئے اعلانات کو پس پشت ڈالتے ہوئے کھانے پر ٹوٹ پڑے اور ہاتھوں سے چاول اور سالن پلیٹوں میں ڈالتے رہے ۔ افرا تفری کے باعث کئی کارکنوں کے کپڑے خراب ہو گئے جبکہ کئی کارکنوں کو بغیر کھانے کے واپس لوٹنا پڑا ۔