اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان مصدق ملک نے واضح کیا ہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے ریکارڈ میں اگر کسی بھی قسم کی تبدیلی کی گئی ہے تو اس کے خلاف ہر صورت میں قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر کسی بھی شخص نے کوئی غلط کام کیا ہے تو اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا جو بہت ضروری ہے۔
پاناما لیکس کی تفتیش کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) سے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہمارا پہلے دن سے یہی مؤقف ہے کہ جے آئی ٹی خود اپنے آپ کو متنازع بنا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ وہ تفتیش کے دوران اْن چیزوں کی روک تھام کرے جو قانون کے خلاف ہیں کیونکہ اگر معاملات ایسے ہی چلتے رہے تو پھر تحقیقات کا عمل مزید متنازع ہوتا چلا جائیگا۔