سرگودھا (آئی این پی) عوامی راج پارٹی کے سربراہ اوراسیر رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے جیل انتظامیہ پر ان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ جیل میں چوہے ‘ بچھو اور سانپ چھوڑے گئے ‘ پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کے سربراہ شاہد گوندل ایڈووکیٹ کو جیل میں بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ جیل انتظامیہ نے انہیں کئی راتوں سے سونے نہیں دیا۔
تحریک انصاف کی لیگل ٹیم کو دئیے گئے بیان میں جمشید دستی نے کہا کہ انہیں 8 جون کو گرفتار کر کے ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ رمضان المبارک کے دوران بھی کھانے پینے کو کچھ نہیں دیا گیا۔ 8 روزے پانی سے رکھے پانی سے ہی افطار کئے۔ پی ٹی آئی کے وکیل شاہد گوندل نے بتایا کہ ہائیکورٹ کے حکم پر جمشید دستی کو سرگودھا جیل میں بی کلاس کی سہولت دی جا چکی ہے تاہم ان کی رہائی کیلئے درخواست پیر کو عدالت میں دائر کی جائے گی۔جمشید دستی کا کہنا تھا کہ ’پہلے مجھے ملتان جیل کے ’ڈیتھ سیل‘ میں رکھا گیا اور اس کے بعد ڈیرہ غازی خان جیل منتقل کیا گیا جبکہ مجھے جھوٹے پولیس مقابلے میں مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں‘۔