اسلام آباد(آئی این پی ) پانامہ کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی حتمی رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی ،جے آئی ٹی کے سامنے وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی عزیز طارق شفیع آج(اتوارکو)تیسری بار پیش ہونگے جبکہ 3جولائی کو وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز،4جولائی کو حسین نواز اور 5جولائی کو مریم نواز جے آئی ٹی میں پیش ہونگی،
جے آئی ٹی نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی طلبی کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، ہفتہ کو پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی زیر صدارت وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ہوا ، جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ مرتب کرنا شروع کر دی ہے جو 10 جولائی کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کو جمع کرائی جائے گی ،جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی عزیزطارق شفیع کے لئے سوالنامہ تیار کر لیا ہے ،طارق شفیع آج (اتوار کو)جے آئی ٹی میں تیسری بار بطورگواہ پیش ہونگے جبکہ حسن نواز، حسین نواز اور مریم نواز بالترتیب تین ،چار اور پانچ جولائی کو پیش ہونگے ، حسین نواز تیسری بار ،حسن نواز چھٹی بار اور مریم نواز پہلی بار پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گی، ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کو بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں جلد طلبی کا نوٹس جاری کر دیا جائے گا ،وزیر خزانہ کا بیان بھی بطور گواہ ریکارڈ کیا جائے گا کیونکہ سینیٹر اسحاق ڈار نے حدیبیہ پیپرز ملز کیس میں شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے بیان حلفی دیا تھا اور بعد میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ بیان حلفی ان سے زبردستی لیا گیا ۔