بہاولپور(آئی این پی) امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اتنا پیسہ اکٹھا کیا کہ باہر منتقل کرنا پڑا ،یہاں انسانوں کی زندگی افریقہ کے جنگلات سے بھی بدتر ہے،بڑے بڑے دعوئوں کے باوجود حکومت عوام کی حالت نہیں بدل سکی ، کچھ لوگوں کے کتے مکھن کھاتے ہیں، اور گھوڑے ائیرکنڈیشن میںسوتے ہیں، اتنے بڑے حادثے کے بعد بھی وزیراعظم نے برن سینڑ کا اعلان نہیںکیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سراج الحق نے احمد پور شرقیہ حادثے کی جگہ کادورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ بہت بڑا واقعہ ہے۔ غربت اور بے علمی نے اتنے بڑے سانحے کو جنم دیا ۔پولیس بروقت ایکشن لیتی تو اتنے لوگ متاثر نہ ہوتے ۔بڑے بڑے دعوئوں کے باوجود حکومت عوام کی حالت نہیں بدل سکی۔ بہاولپور میں اگربرن سینٹر ہوتا تو کئی لوگوں کی جانیں بچائی جاسکتی تھیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے بھی علاقے میں غربت کا اعتراف کیا ہے۔اقوام متحدہ کی مدد سے بننے والا برن سینٹر بھی نہیں بننے دیا گیا۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ اتنے بڑے حادثے کے بعد بھی وزیراعظم نے برن سینڑ کا اعلان نہیں کیا۔ یہاں کے لوگوں کوپانی ،تعلیم اور نہ ہی علاج کی سہولت میسر ہے۔کچھ لوگوں نے اتنا پیسا جمع کیا کہ باہر منتقل کرنا پڑا۔ وسائل پر جتنا حق امیروں کا اتنا ہی غریبوں کا بھی ہے۔ حکومت غربت ختم کرنے بڑے اعلان کرے تو اسے سراہیں گے۔احمد پو شرقیہ سانحے کا درد کم کرنے کیلئے سب کو کام کرنا ہے۔یہاں انسانوں کی زندگی افریقہ کے جنگلات سے بھی بدتر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگوں کے کتے مکھن کھاتے ہیں۔ اور گھوڑے ائیرکنڈیشن میں سوتے ہیں۔ لوگوں کے حقوق کیلئے سینٹ،قومی اسمبلی میں آواز اٹھاوں گا۔( خ ف)