اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان کے خلاف خفیہ ہاتھوں کی جانب سے خوفناک حملہ شروع کر دیا گیا ، سوشل میڈیا پر فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نـثار نے نوٹس لے لیا، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو ملک دشمن عناصر کے خلاف میدان میں اتار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارایت کو فروغ اور ہوا دینے کی کوششوں کانوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو ملک کے خلاف اس مذموم ایجنڈے کے پیچھے کارفرما عناصر کی نشاندہی اور سرکوبی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت نازک موڑ پر ہے جہاں اسے بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اور اس موقع پر قومی اتحاد اور یگانگت کی جتنی ضرورت ہے پہلے کبھی نہ تھی ۔ ایسے نازک موڑ پر علمائے کرام فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اپنا کردار ادا کریںاور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے خلاف میدان عمل میں آتے ہوئے ان کے خلاف آواز اٹھائیں۔چوہدری نثار نے وزیر برائے مذہبی امور سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اس دوران ان کا کہناتھا کہ فرقہ واریت کی روک تھام کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ وزیر داخلہ کا یہ بیان پارا چنار سانحہ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جس میں 76افراد اب تک شہید ہو چکے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کیلئے شدید مہم شروع کر دی گئی اور واقعہ کو فرقہ واریت کے حوالے سے اچھالا جا رہا ہے۔