اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اورسینیٹررحمان ملک نے پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے بننے والی جے آئی ٹی کو منی لانڈرنگ سے متعلق دستاویز پیش کردی ہیں۔تفصیلات کے مطابق دستاویز میں سابق صدر رفیق تارڑ کو لکھے گئے خط کی کاپی بھی شامل ہے۔ خط سابق صدر کو 24 ستمبر 1998 کو پیش کیا گیا جس میں بدعنوانی کے ٹھوس دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔جے آئی ٹی کا آج 46 واں اجلاس جاری ہے جس میں رحمان ملک سے
حدیبیہ پیپر مل اور ٹیکس معاملات پر سوالات ہوں گے۔جے آئی ٹی کے سامنے پیشی سے قبل پی پی رہنما رحمان ملک کا کہنا تھا کہ میں منی لانڈرنگ کے دو نئے ثبوت لایا ہوں اور میں اس رپورٹ کو ‘اون کرنے جا رہا ہوں۔۔رحمان ملک کا مزید کہنا تھا کہ میرے ساتھ 10 انویسٹی گیٹرز تفتیش میں شامل تھے، مزید دو دستاویزات بھی پیش کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ جےآئی ٹی کو ہر لحاظ سے مطمئن کرکے باہر آؤں گا، میں ہاکی کا کھلاڑی ہوں اور آج گول کرکے نکلوں گا۔