اسلام آباد(آئی این پی) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارش کی نوید سنا دی، میٹ آف کے مطابق پیر سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا، جو بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔بادلوں کو بالا آخر رحم آہی گیا،
ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق روزے داروں کے لیے موسم کی خوشخبری آگئی۔ محکمہ موسمیات نے بارانِ رحمت کی پیشگوئی کردی۔ پیر سے ملک بھر میں بارش کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔ملک کے مختلف شہروں میں بارش کا یہ سلسلہ بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے پیر کی شام تک بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہے گا۔پیر کی شام سے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ ساتھ ابرِکرم برسنا شروع ہوگا، رمضان المبارک کے دوسرے اور تیسرے عشرے میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔تاہم کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں، ہوائیں بھی کراچی سے روٹھی روٹھی رہیں گئیں، آج کراچی کا درجہ حرارت سینتیس ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب باون فیصد ہونے سے گرمی کی شدت کہیں زیادہ محسوس کی جائے گی۔حیدرآباد، لاڑکانہ، ملتان، فیصل آباد، لاہور اور پشاور میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔