اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کاپاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) کی ایئر بسA13 کو اونے پونے داموں فروخت کرنے کے مرکزی کر دار اور قومی ایئر لائن کے جرمن نژاد چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہیلڈن برانڈ کو بیرون ملک سے لانے کے لئے ایوی ایشن ڈویژن سے رابطہ کرنے کا فیصلہ ، برنڈ ہیلڈن برانڈ نے پی آئی اے کی ائر بس سنتالیس ہزار یورو(47500) میں جرمنی کے ایک میوزیم کو فروخت کی تھی
جس کے خلاف ایف آئی اے نے انکوائری شروع کر رکھی ہے، وزارت داخلہ نے نا م ای سی ایل میں ہونے کے باجود 4مئی کو برنڈ ہیلڈن برانڈکو ایک ماہ کے لئے ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی ، بدھ کو وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق قومی ائر لائن کے جرمن نژاد چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہیلڈن برانڈ کانام ائر بسA13کو اونے پونے داموں غیر قانونی انداز میں فروخت کر نے پر ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا اور ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی تاکہ ائر بس کی فروخت کے معاملے کی انکوائری میں غیر ملکی سی ای اوکا بیان ریکارڈ کیا جا سکا ،ذرائع کے مطابق برنڈ ہیلڈن برانڈ نے ایف آئی اے کی انکوائری میں شامل ہونیکی بجائے اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے عدالتی احکامات کے بغیر وزارت داخلہ سے بیرون ملک جانے کی اجازت حاصل کرلی تھی اور اس سلسلے میں وزارت داخلہ نے 4مئی کو ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھاجس میں لکھا ہے کہ برنڈ ہیلڈن برانڈ ایک ماہ کے لئے ایک بار بیرون ملک جاسکتے ہیں،ذرائع کے مطابق قومی ائر لائن کا غیر ملکی سی ای او اب بیرون ملک جا چکا ہے اور اس کی واپسی سے متعلق کسی کو کچھ معلوم نہیں۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے برنڈ ہیلڈن برانڈ کا اب بیان ریکارڈ کرنا ہے تاکہ انکوائری مکمل کی جا سکے ،ایوی ایشن ڈویژن کو خط لکھا جائے گا کہ جرمن نژاد چیف آپریٹنگ آفیسر کو بیرون ملک بلایا جائے تاکہ اس کا بیان ریکارڈ کیا جا سکے ۔