اسلام آباد(مانیـٹرنگ ڈیسک)ممتاز بھٹو،غنویٰ ، فاطمہ اور ذوالفقار علی جونئیر کو تحریک انصاف میں شامل کرنے کیلئے تحریک انصاف سرگرم، سندھ قیادت کو اہم ٹاسک سونپ دیا گیا۔ روزنامہ خبریں کے مطابق سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین ممتاز بھٹو اور ان کے بیٹے امیر بخش بھٹو کو تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے رضامند کرنے کیلئے تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے پارٹی کی صوبائی قیادت کو ٹاسک سونپ دیا ہے۔تحریک انــصاف سندھ میں بہتر نتائج کیلئے انتہائی متحر
ک ہے اور اس حوالے سے اپنا ہوم ورک مکمل کر چکی ہے، پی ٹی آئی قیادت سمجھتی ہے کہ سندھ میں بہتر انتخابی نتائج کیلئے بھٹو خاندان کی اہم شخصیات کا پارٹی میں شامل ہونا انتہائی ضروری ہےجس کیلئے پیپلزپارٹی(شہید بھٹو)کی سربراہ غنویٰ بھٹو ، سندھ نیشنل فرنٹ کے چیئرمین سردار ممتاز بھٹو اور ان کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو کو پارٹی میں شامل کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے تاہم اگر یہ کوششیں کامیاب نہیںہوتی ہیں تو پیپلزپارٹی(شہید بھٹو)گروپ کے ساتھ انتخابی اتحاد کیلئے بات چیت کی جا سکتی ہے۔تحریک انصاف کی پہلی کوشش یہ ہے کہ غنویٰ بھٹو کو پارٹی میں شمولیت کیلئے رضامند کیا جائے۔ جبکہ اس بات کی بھی کوشش کی جائے گی کہ میر مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی فاطمہ بھٹو اور ذوالفقار علی جونئیر کو بھی سیاست میں فعال کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں پی ٹی آئی کے ایک مرکزی رہنما اور حال ہی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سندھ کے سابق وزیراعلیٰ لیاقت علی جتوئی صوبے کی دیگر اہم شخصیات کی بھی تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے سرگرم ہیں اور ان کے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور دیگر سے رابطے ہوئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے آئندہ دورہ سندھ کے دوران بہت سی اہم شخصیات تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر سکتی ہیں۔اس حوالے سے ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سندھ میں بـڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر پیپلزپارٹی تشویش میں مبتلا ہے اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے اسے سندھ میں نہ صرف قوم پرست جماعتوں، مسلم لیگ ن ، ایم کیو ایم کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کی صورت میں انتہائی سخت مقابلہ درپیش ہو گا۔