اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیےسپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق جے آئی ٹی کیلئے اداروں سے افسران کے نام مانگے گئے تھے ۔ افسران نے جے آئی ٹی سے بچنے کیلئے چھٹیاں لے لیں،کئی بیماری کا بہانہ کر کے بستر پر جا لیٹے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے پانامہ کیس فیصلے کے مطابق تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل دینے کیلئے اداروں سے افسران کے نام مانگے تھے مگر کئی افسران نے جے آئی ٹی سے جان چھڑانے کیلئے چھٹیاں لے لی ہیں۔ اے آر وائی نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے جے آئی ٹی کے لیے جو 3 نام سپریم کورٹ بھیجے ان میں سے 2 افسران کیپٹن ریٹائرڈ احمد لطیف اور ڈاکٹر شفیق الرحمٰن میڈیکل چھٹی پر چلے گئے تاہم احمد لطیف نے رابطہ کرنے پر کہا ہے کہ وہ دفتر میں موجود ہیں۔جے آئی ٹی کے لیے تیسرا نام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل واجد ضیا کا ہے، واجد ضیا پرویز مشرف غداری کیس اور حج سکینڈل تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ایس ای سی پی کی جانب سے ظفر مرزا، طارق بختاور، علی عظیم، عثمان حیات اور عامر خان کے ناموںمیں سے 3 نام سپریم کورٹ بھجوائے جائیں گے۔واضح رہے کہ اداروں کی جانب سےجے آئی ٹی کیلئے نام فائنل کر کے سپریم کورٹ بجھوانے کا کل آخری روز ہے۔