فیصل آباد (این این آئی)وزیر اعلی پنجاب کے چلڈرن ہسپتال فیصل آباد کے دورہ کے موقع پروزیر اعلی سے ملاقات کی خواہش ظاہر کرنے والے 6 سالہ ٹانگوں سے پیدائشی معذور بچے ثارب فرحان کی وزیر اعلی سے ملاقات کی خواہش پوری ہو گئی۔اس موقع پر ثارب فرحان کے والد محمد فرحان ،والدہ دیگرعزیز و اقارب بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ کو ملکر ایمرجنسی یونٹ میں زیر علاج بچے نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے معصوم بچے، اسکے والدین اور ڈاکٹرز سے
اسکی بیماری سمیت علاج کے ضمن میں بہم پہنچائی جانیوالی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو معذور بچے کیلئے اعلیٰ ترین سطح کی علاج معالجہ کی تمام ممکن سہولیات مفت بہم پہنچانے کی ہدایت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے چلڈرن ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے وہاں داخل بچوں اور انکے والدین سے علاج معالجہ کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور موقع پر ہی ہسپتال انتظامیہ کو بعض ضروری ہدایات جاری کیں۔