پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لاہورمیں ہونے والے فائنل کیلئے اگر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے درخواست کی تو خیبرپختونخوا حکومت سیکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرنے کو تیارہے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہاکہ اگر دہشت گردوں کا مقصد لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل میں رکاوٹ ڈالنا ہے تو پھر ہم سب مل کر ان کے اس مقصد کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی
جانب سے پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کی یقین دہانی سے تمام خدشات کا خاتمہ ہوگیا ہے، لہذا اب ہم دعا کرتے ہیں کہ یہ میچ پر امن رہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہئے کہ صرف ایک میچ نہیں بلکہ پورا پی ایس ایل ہی پاکستان میں کرائیں کیونکہ جب تک ہمارے ملک میں اس طرح کے ایونٹس نہیں ہوں گے تب تک کرکٹ فروغ نہیں پاسکتی۔علی محمدخان نے کہا کہ کرکٹ کو مضبوط کرنے کے لیے ہمیں اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو ایک اچھا پیغام ملے۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل فائنل کے انعقاد سے دنیاکوایک پرامن پاکستان کاپیغام جائے گا۔