کراچی (آئی این پی )کراچی میں پولیس کی کارروائیاں جاری ،شہر کے مختلف علاقوں سے سرچ آپریشن کے دوران افغانی اور ازبکستانی باشندوں سمیت164 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔حراست میں لئے گئے افراد کی بائیو میٹرک سسٹم کے تحت شناختی کارڈ کی تصدیق کی گئی ۔شارع نورجہاں سے دو منشیات فروش پکڑے گئے۔ ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے حسن پنہور گوٹھ میں غیر قانونی طور پر مقیم چھ افغان باشندوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس نے گلبرگ قبائل کالونی سے تین افغانیوں سمیت چودہ،جوہرآباد سے ستائیس،نیو کراچی کے علاقے فاطمہ جناح کالونی،علی محمدگوٹھ اور ابوذر کالونی سے چھ غیرملکی باشندے،عزیزآباد بھنگوریہ گوٹھ سے دو غیرملکیوں سمیت سولہ،بلدیہ مدینہ کالونی سے تیرانوے جبکہ تیموریہ سے ازبکستان سے تعلق رکھنے والے دو باشندوں کو گرفتار کرلیا۔ شارع نورجہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو منشیات فروش اعظم کوہستانی اور ساجد عرف نونو کوگرفتار کرکے منشیات اور اسلحہ برآمد کر لیا۔