لاہور ( این این آئی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے نیب کی درخواست پر کرپشن کیخلاف انوکھی مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت تمام پروازوں میں ائیر ہوسٹسز کرپشن کے خلاف نہ صرف پیغامات پڑھ کر سنائیں گی بلکہ اس موضوع پر گانے بھی چلائے جائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب حکام نے اس حوالے سے پی آئی اے چیئرمین کو تجاویز بھیجی تھیں جس میں درخواست کی گئی تھی کہ پروازوں کے دوران کرپشن کے خلاف گانوں کو یقینی بنایا جائے۔
دستیاب دستاویزات کے مطابق آئی اے پروازوں کے دوران ایئرہوسٹسز انسداد کرپشن کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائیں گی۔اس حوالے سے نیب کے ایک سینئر آفیسر کا کہنا تھا کہ یہ پیغامات مسافروں کو خوف خدا دلانے میں موثر ثابت ہوں گے۔دوسری جانب نیب کی ڈائریکٹر جنرل اویئرنس عالیہ رشید نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ ٹیک آف سے پہلے جہاز میں سوار مسافر حفاظتی دعا پڑھتے ہیں اسی وقت ایئرہوسٹسزکرپشن کے خلاف پیغامات پڑھ کر سنائیں گی اور مسافر اس عزم کا اظہار کریں گے کہ وہ کرپشن نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے پروازوں کے دوران ’’اینٹی کرپشن گانے‘‘چلانے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اس نئے اقدام سے عوام خصوصاً امیر مسافروں کو احساس ہوگا کہ کرپشن ایک برائی ہے۔نیب کی انسداد بدعنوانی مہم کے حوالے سے سرگرم عالیہ رشید نے کہا کہ وہ ملک کی ہر دیوار کو انسداد بدعنوانی کے نعروں سے رنگ دینا چاہتی ہیں۔
انہوں ن ے بتایا کہ پی آئی اے نے ہماری تجاویز سے اتفاق کرلیا ہے اور اگلے ہفتے سے مسافروں کو پروازوں کے دوران انسداد کرپشن کے حوالے سے گانے سنوائے جائیں گے۔دوسری جانب پی آئی اے ترجمان دانیال گیلانی نے رابطہ کرنے پر ایسی کسی بھی تجاویز سے لاعلمی کا اظہار کیا۔