لاہور (این این آئی ) ) جنوبی پنجاب کی مقتدر سیاسی شخصیات نے مخدوم ہاؤس لاہور میں سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اس سلسلے میں مخدوم احمد محمود نے ان کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا ہے اور انہیں یقین دلایا کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی پر ان کی ملاقاتوں کا شیڈول تیار کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ان سیاسی شخصیات کا تعلق ڈی جی خان، مظفرگڑھ، بہاولپور،ملتان، راجن پور، بہاولنگر اور لیہ سمیت دیگر علاقوں سے ہے جن کے نام پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وطن واپسی پر ان سے ملاقات کے دوران منظر عام پر لائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی مضبوط ترین جماعت بن کر سامنے آرہی ہے اورآنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہی ہوگا۔دریں اثناء پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر سیاست دانوں کو سپریم کورٹ کے باہر عدالت نہیں لگانی چاہے عدالتوں کو اپنا کام آزادانہ ماحول میں کرنے دیا جائے، نواز لیگ کی کارکردگی تسلی بخش نہیں ہے پیپلزپارٹی نے جو پراجیکٹ اپنے دور حکومت میں شروع کئے تھے نواز لیگ آج انہیں پر افتتاح کرکے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوششیں کررہی ہے۔