لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے شہر لاڑکانہ میں رشوت طلب کرنے پر ٹرک ڈرائیور نےٹریفک پولیس اہلکار کی مرمت کردی‘ پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر ے علاقے شاہی بازار کے علاقے میں سامان لے کر آنے والے ٹرک کو پولیس اہلکار نے آگے جانے سے روکتے ہوئے 200 روپے رشوت طلب کی۔
ٹرک ڈرائیور کی جانب سے رشوت دینے سے انکارپر پولیس اہلکار نے اسے ٹرک واپس لے جانے کا کہا جس سے معاملے پر بحث کے بعد بات ہاتھا پائی تک آئی اور ٹرک ڈرائیور اور پولیس اہلکار گتھم گتھا ہوگئے۔واقعے کے دوران پولیس کی بھاری نفری نے موقع پرپہنچ کر ٹرک کو تحویل میں لیتے ہوئے ڈرائیور کوحراست میں لے لیا اور مارکیٹ تھانے منتقل کر دیا‘ جہاں بیوپاریوں کی مداخلت کے بعد معاملے کو رفع دفع کیا گیا۔تھانے میں پولیس افسران اور مارکیٹ انتظامیہ کی موجودگی میں پولیس اہلکار اور ٹرک ڈرائیور نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر معاملےکو ختم کیا۔