ملتان(آئی این پی)ملتان میں میٹروبس سروس کے آغازسے ملتان و جنوبی پنجاب پرگہرے سیاسی و معاشی اثرات مرتب ہوں گے۔مدینۃ اولیاء ملتان 45لاکھ آباد ی کا حامل پاکستان کا پانچواں بڑا شہر ہے۔دنیا کے قدیم ترین گنجان آباد شہر میں ایک عرصے سے ماس ٹرانزٹ منصوبے کی ضرورت کی جارہی تھی ،
جسے مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے 28ارب روپے 88کروڑکی لاگت سے ڈیڑھ سال کے عرصے میں حقیقت کا رنگ دے دیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ میٹروبس منصوبہ جہاں ملتان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ،وہاں اس منصوبے کے ملتان وجنوبی پنجاب کی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔اپوزیشن جماعتیں تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی کافی عرصے سے ملتان اور جنوبی پنجاب کے اضلاع کو اپنا گڑھ کہلانے کا دعویٰ کرتی رہی ہیں۔دونوں اپوزیشن جماعتوں کی سینئرقیادت کا تعلق بھی ملتان اور جنوبی پنجاب کے اضلاع ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ لاہور اور راولپنڈی کے بعد عوامی سہولت کا یہ سفری منصوبہ جہاں مسلم لیگ(ن)کو ملتان اور جنوبی پنجاب میں مضبوط کرے گا وہاں یہ آئندہ عام انتخابات میں اپوزیشن جماعتوں کیلئے خاصی مشکلات کھڑی کرسکتا ہے۔