راولپنڈی(آئی این پی )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے اتحادی فوج کا کردار قابل تعریف ہے،افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں،پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی میکنزم بہتر بنانے کیلئے اتحادی فوج اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔پیر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سیجی ایچ کیو میں افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل جان نکولسن نے ملاقات کی ۔،جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں اتحادی اور امریکی فوج کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ افغانستان میں قیام امن اور استحکام کیلئے اتحادی فوج کا کردار قابل تعریف ہے،افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔آرمی چیف نے پاک افغان سرحدپرباہمی سیکیورٹی میکنزم پرزوردیا اور کہاکہ پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی میکنزم بہتر بنانے کیلئے اتحادی فوج اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جنرل جان نکولسن نے میران شاہ کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر جنرل آفیسرز کمانڈر نے معزز مہمان کو آپریشن ضرب عضب پر بریفنگ دی۔معزز مہمان کو عارضی نقل مکانی کرنے والوں کی واپسی میں پیشرفت سے آگاہ کیاگیا۔معزز مہمان نے میران شاہ بازار کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر جنرل جان نکولسن نے کہاکہ پاک فوج کی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہیں،بارڈر پر سیکیورٹی تعاون کو مربوط بنانے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں۔ اس سے قبل میران شاہ پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے دورہ کرنے والے جنرلز کا استقبال کیا۔