لاہور(آئی این پی) لاہور میں تین ٹیچنگ ہسپتالوں میں علاج کیلئے در بدر ہونے والی قصور کی غریب نادار مریضہ جناح ہسپتال کے فرش پر زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں
۔تفصیلات کے مطابق ساٹھ سالہ زہرہ بی بی کو دل کی تکلیف کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال لایا گیا ۔ ڈاکٹروں نے مریضہ کے گردوں کی خرابی کا کہہ کر لواحقین کو سروسز ہسپتال لیجانے کی تجویز دی ۔سروسز ہسپتال میں مریضہ کو ایمرجنسی سے ہی جناح ہسپتال لیجانے کا کہہ دیا گیا جس پر مریضہ کے لواحقین اسے جناح ہسپتال لے گئے جہاں ایمرجنسی میڈیکل ون میں داخل کیا گیا ابتدائی طبی امداد کے بعد مریضہ کو داخلے کے لیے میڈیکل یونٹ ون کے وارڈ میں بجھوایا گیا جہاں بیڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث مریضہ کو وارڈ کے فرش پر ہی لٹا دیا گیا جہاں ٹھنڈے فرش پرلیٹے ہوئیزہرہ بی بی زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضہ کے لیے بیڈ کا انتظام کیا جارہا تھا کہ وہ جان کی بازی ہار گئی
۔ مریضہ کے لواحقین مرحومہ کو تدفین کے لیے قصور لے گئے ۔ وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔