لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ دھاندلی پاکستان کے عوام کرتے ہیں جو انہیں ووٹ نہیں دیتے‘خان صاحب ہمیشہ الزامات لگاتے ہیں مگر ان کے پاس ثبوت نہیں ہوتے ۔ عمران خان کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کا رزلٹ بھی انکوائری کمیٹی والا ہی آئے گا‘ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے میں نہ مانوں کی پالیسی نہیں چلے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان صرف عام انتخابات ہی نہیں ہارے بلکہ مسلم لیگ نواز سے ضمنی اور بلدیاتی انتخابات بھی ہارتے رہے ہیں اور کنٹونمنٹ کے الیکشن میں بھی مسلم لیگ نواز کو ہی کامیابی ملی‘ عدالتی فیصلے تسلیم کر کے عمران خان کسی پر احسان نہیں کر رہے وہ عدالتی فیصلے تسلیم نہیں کریں گے بلکہ انہیں فیصلے تسلیم کرنا پڑیں گے ۔طلال چودھری نے سوال کیا کہ کہاں ہیں وہ تمام ثبوت جو عمران خان منی لانڈرنگ میں نوازشریف پر لگاتے تھے اور بتایا جائے کہ مریم نواز کے خودمختار ہونے کا ثبوت کہاں ہے ؟