گوادر(این این آئی)جرمنی کے شہر برلن کے کرسمس بازار میں ٹرک تلے لوگوں کو کچلنے کے شبہ میں گرفتار کرکے رہا کیے جانے والے پاکستانی شخص نوید بلوچ کا تعلق بلوچستان کے ضلع کیچ سے ہے۔نوید بلوچ کے ایک کزن عبدالوحید بلوچ نے برلن سے بذریعہ ٹیلیفون بات کرتے ہوئے نجی ٹی وی کو بتایا کہ نوید بلوچ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جاری بدامنی اور شورش کی وجہ سے پناہ کے لیے جرمنی آیا تھا۔وحید کے مطابق جس جگہ یہ واقعہ پیش آیانوید اور اس کا ایک دوست اس علاقے میں سڑک پار کر رہے تھے کہ اچانک پولیس نے انھیں روکا اور کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ان پر جرمانہ کیا جائیگا بعدازاں انھوں نے نوید کو حراست میں لے لیا۔
انھوں نے بتایا کہ اسی دوران ٹی وی چینلز نے یہ کہنا شروع کردیا کہ نوید کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور وہ اس واقعہ میں ملوث ہے۔وحید کے مطابق ان کے والد پاک ٗایران سرحد کے قریب ایک گاؤں میں رہائش پذیر ہیں ٗ ان کے بھائی دبئی میں مقیم ہیں۔