لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے تناظر میں ہوم ورک شروع کر کے رہنماؤں سے تجاویز طلب کر لی گئیں،کسی بھی طرح کی دھاندلی کو روکنے اور بھرپور مزاحمت کیلئے متحرک کارکنوں اور خصوصاً پولنگ ایجنٹس کو خصوصی تربیت دی جائے گی
۔ پارٹی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے مرکزی رہنماؤں کی تجویز پر پانامہ لیکس کے سلسلہ میں احتساب کیلئے جدوجہد کیساتھ آئندہ عام انتخابات کے تناظر میں ہوم ورک شروع کر دیا ہے اور اس سلسلہ میں رہنماؤں سے تجاویز بھی طلب کر لی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اس مرتبہ کسی بھی طرح کی دھاندلی کو روکنے کے لئے ہر ممکنہ اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلہ میں نہ صرف پولنگ ایجنٹس بلکہ متحرک کارکنوں کو بھی خصوصی تربیت دی جائے گی ۔
پارٹی ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں مضبوط امیدوار میدان میں اتارنے کیلئے عمران خان نے تمام معاملات کو اپنے ہاتھ میں لینے اور اس کیلئے پارٹی کی مقامی سطح کی تنظیموں کی رائے کو اہمیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔