اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) شہراقتدارمیں ایوان صدراوروزیرہائوس کے پڑوس میں پاکستان کی معروف ترین یونیورسٹی قائد اعظم یونیورسٹی میں منشیات کاآزادانہ استعمال کیاجانے لگاجبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اے این ایف سے مدد طلب کرلی ہے ۔
ایک نجی ٹی و ی کے مطابق جمعرات کے روزسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں قائداعظم یونیورسٹی کی انتظامیہ پھٹ پڑی اوراے این ایف کواس معاملے میں کومبنگ آپریشن کرنے کی درخواست کردی ۔اجلاس میں ڈائریکٹر اینٹی نارکوٹکس اعجاز علی نے بتایا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے صوبوں سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز اے این ایف بریگیڈیئر بشارت نے بتایا ملک میں تو چرس اور بھنگ کی کاشت بھی غیر قانونی ہے۔
اس موقع پرچیرمین کمیٹی رحمان ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منشیات دہشتگردی کے بعد ملک کے لئے دوسرابڑاخطرہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیشترمعاملات کرتاافغانستان اوربھرتاپاکستان ہے اورافغان زہرطلباکودیاجارہاہے ۔کمیٹی نے منشیات کی سنگین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک سے دو ہفتے میں اہم اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا جس میں چاروں صوبوں کے نمائندے بھی شرکت کرینگے ۔