لاہور ( این این آئی) محکمہ ہائیر ایجویشن کمیشن پنجاب نے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کے لئے نئی پالیسی پر مشتمل تجاویز تیار کر لیں ، یونیورسٹی کے طلباء لیپ ٹاپ سکیم سے آئوٹ، اب لیپ ٹاپ صرف کالج کے طلبہ کو دیئے جائیں گے، نئے قوائدوضبط کی منطوری کے لیے سمری وزیر اعلی پنجاب کو ارسال کر دی گئی ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم پر صوبائی وزیر تعلیم ہائر ایجوکیشن کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس میں چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکرٹری ہائرایجوکیشن، سیکرٹری فنانس اور دیگر حکام شامل تھے۔محکمہ ہائرایجوکیشن کے حکام نے لیپ ٹاپ کی اسکیم کے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ 2017ء میں دسمبر تک تمام طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کردیئے جائیں گے جس کے لیے ٹینڈر جاری کردیا ہے اور جلد بڈ اوپن کی جائے گی۔دوسری جانب حکام نے بتایا ہے کہ اس سال کمیٹی کی جانب سے کچھ نئی تجاویز بھی دیں گئیں ہیں جن میں ایک تجویز کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس سال یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ نہیں دیئے جائیں گے جس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت بھی پنجاب میں پبلک یونیورسٹی کے طلباء کو لیپ ٹاپ دیئے جارہے ہیں جس کے باعث اب پنجاب میں وزیر اعلیٰ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت صرف کالجز کے طلباء کو ہی لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔