کراچی(این این آئی)سندھ ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی اور اصف علی زرداری کے بہنوئی میر منور تالپور کو بیرون ملک علاج کی اجازت دے دی ہے۔
منگل کوسندھ ہائیکورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں بینچ نے رکن قومی اسمبلی اور اصف علی زرداری کے بہنوئی میر منور تالپور کو بیرون ملک علاج پر جانے کی اجازت کے لئے دائردرخواست کی سماعت کی۔دوران سماعت میر منور تالپور کے وکیل نے کہاکہ میر منور تالپور کو بیرون ملک علاج کرانے کے لئے اجازت دی جائے،
عدالت نے میر منور تالپور کو 14 دسمبر سے 14 فروری 2017 تک بیرون ملک علاج پر جانے کے لئے اجازت دے دی جبکہ عدالت نے حکم دیا کہ علاج سے واپسی پر وہ عدالت میں پیش ہوں اور نیب کے ساتھ تفتیش میں تعاون کریں۔عدالت نے میر منور تالپور کی عبوری ضمانت میں 14 فروری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے کہ میر منور تالپور پر غیر قانونی اثاثہ بنانے کا الزام ہے جبکہ نیب کی جانب سے میر منور تالپور کے خلاف تفتیش کی جارہی ہے۔