اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ مظالم پر پردہ ڈالنے کے لئے بھارتی وزیر داخلہ پاکستان کیخلاف زبان درازی کر رہا ہے، پاکستانی حکومت کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔
سینیٹر رحمان ملک نے بھارتی وزیرداخلہ کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی وزیر داخلہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کیخلاف بیان بازی کررہاہے ٗ پاکستانی حکومت بھارتی وزیرداخلہ کے بیانات کاموثر جواب دے، کشمیراوردیگرریاستوں میں مسلمانوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،بی جے پی کی پالیسی مذہبی منافرت اور انتہا پسندی کی بنیاد پرہے،اقوام متحدہ مودی سرکار کے ظلم و بربریت کا نوٹس لے۔
رحمان ملک نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی کے بیانات اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات میں ’’را‘‘ کے ملوث ہونے سے واضح ہو گیا کہ بھارت خطے میں امن نہیں چاہتا،پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہاہے ،لیکن مودی کے بیانات سے لگتا ہے کہ عنقریب پاکستان تو نہیں مگر مودی کے بیانات ہی بھارت کے کئی ٹکڑے کر دے گا۔