لاہور( این این آئی)پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کو اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ ہونے کی صورت میں روزانہ کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا ۔نجی ٹی وی کے مطابق پی آئی اے کے دو اقسام کے اے ٹی آر طیارے ہیں جس میں سے پانچ اے ٹی آر 42 اور پانچ ہی اے ٹی آر 72 جو ہر روز 45 پروازیں بھرتے ہیں ۔اے ٹی آر 42 میں عملے سمیت 48 مسافروں کی گنجائش ہے۔ یہ پانچ طیارے گراؤنڈ ہونے کی صورت میں ادارے کو 5سے 6 کروڑ روپے یومیہ کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا ۔اے ٹی آر 72 میں کرو سمیت 75 مسافروں کی گنجائش ہے، یہ پانچوں طیارے گراؤنڈ ہونے کی صورت میں ادارے کو 10سے ساڑھے 12کروڑ روپے یومیہ خسارہ برداشت کرنا پڑے گا ۔
پی آئی اے حکام نے چترال سے اسلام آباد سے آنے والے طیارے کو حادثے کے بعد ایک اور طیارے کے انجن میں آگ لگنے کے بعد تمام دس اے ٹی آر طیاروں کے مکمل معائنہ تک ان کی پروازیں روکنے کے احکاما ت دئیے تھے ۔ ترجمان کے مطابق پروازوں کی عارضی بندش سے چھوٹے ہوائی اڈوں پر پی آئی اے کی پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوگی جن میں گوادر، تربت، پنجگور، موہنجوداڑو، ژوب، بہاولپور، ڈی جی خان، چترال اور گلگت شامل ہیں۔