لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے این اے 110پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کیخلاف نظر ثانی کی درخواست تیار کرلی، عثمان ڈار کی جانب سے سینئر قانون دان بابراعوان آئندہ ہفتے پٹیشن دائر کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پٹیشن میں استدعا کی جائے گی کہ این اے 110پر سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کے فیصلہ پر نظرثانی کی جائے۔ 11نومبر کے فیصلے میں انتخابی بے ضابطگیوں کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ بے ضابطگیوں کے ثابت ہونے پر انتخاب کیسے صاف و شفاف ہوا۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آر وز اور محکمہ مال کے افسران کو بے ضابطگیوں کا ذمہ دار قراردے چکا،مکمل نتائج و ریکارڈ کی عدم موجودگی پر خواجہ آصف کامیاب کیسے قرارپائے جبکہ نادرا کی جمع شدہ دو رپورٹس میں بھی بے ضابطگیوں کی نشاندہی واضح ہے۔عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نظرثانی کی درخواست کا فیصلہ چیئرمین عمران خان کی مشاورت کے بعد کیا گیا۔ عدالتوں کا احترام ہے تاہم سپریم کورٹ سے انصاف دینے کی امید ہے۔