اسلام آباد (این این آئی)بدقسمتی سے طیارہ حادثے میں کسی کا چہرہ بھی سلامت نہیں تھا،پمز ہسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف نے کہا ہے کہ ڈی این اے کے ذریعے میتوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے اور امید ہے ورثاء کو حوالگی کا عمل 17 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر الطاف نے کہا کہ میتوں کی تصدیق ڈی این اے، انگلیوں اور دیگر علامات سے کی جا سکتی ہے ٗ شناخت کا ایک طریقہ کار دانتوں کے ذریعے بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے طیارہ حادثے میں کسی کا چہرہ بھی سلامت نہیں تھا اور ڈی این اے کے ذریعے ان کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پمز میں 45 میتیں لائی گئی تھیں جن میں سے 9 کی تصدیق ہو گئی ہے اور باقیوں کی شناخت کا کام جاری ہے جس کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام لاشیں ایک ہی سردخانے میں موجود ہیں جہاں ان کی حفاظت کیلئے تمام سہولیات موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ اب تک چینی باشندے کے بھائی اور ایک اور مسافر کے ورثاء کی جانب سے سیمپل ملا ہے تاہم امید ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں باقی افراد کی جانب سے بھی سیمپل مل جائیں گے۔