کراچی (آن لائن) کراچی کے نجی ہوٹل میں آگ کیسے پھیلی ، تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔ تفتیشی افسران کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے اپنے ہی بنائے ہوئے پلان پر عمل نہیں کیا۔ فائربریگیڈ کو آگ لگنے کے آدھے گھنٹے بعد مطلع کیا گیا۔نجی ہوٹل کے کچن میں لگنے والی آگ کیسے پھیلی تحقیقات کے بعد گتھیاں سلجھنے لگیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے اپنے ہی بنائے ہوئے ہنگامی پلان پر عمل نہیں کیا جس سے آگ پورے گراؤنڈ فلور پر پھیل گئی۔کچن میں آگ 2 بج کر 10 منٹ پر لگی۔ سیکورٹی افسر نے فائربرگیڈ کو اطلاع دینے کے بجائے 2 ساتھیوں سمیت فائر سلنڈر سے آگ بجھانے کی کوشش کی۔
آگ کو بجھا دیا گیا لیکن آگ دوبارہ بھڑک کر پھیل گئی۔ انتظامیہ کے کسی فرد نے پولیس اور فائربریگیڈ کو مطلع نہیں کیا۔ ہوٹل میں ٹوٹل 4 گیس ماسک موجود تھے جبکہ فرسٹ ایڈ کی کوئی ٹیم نہیں تھی۔ ڈیوٹی مینجر اکیلا لوگوں کی جان بچاتا رہا اور خود دوسری منزل پر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔تفتیشی ذرائع کیمطابق تحقیقات میں غفلت ثابت ہونے پر ہوٹل کے سی ای و، ایم ڈی، چیف سیکورٹی آفیسر، چیف انجیئر اور سپروائزنگ انجینئر کو گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس کی مرتب کردہ لسٹ کے مطابق آتشزدگی کے واقعہ میں 79 افراد زخمی جبکہ 12 جاں بحق ہوئے تھے۔#/s#