کراچی(آئی این پی)دوست ملک چین کی جانب سے تیار کئے گئے 2 بحری جہاز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حوالے کردئیے گئے،جہاز حوالے کرنے کی یہ تقریب چین کے شہر گوانگ میں منعقد ہوئی ،تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان کے سیکریٹری دفاع لیفٹننٹ جنرل (ر) ضمیر الحسن شاہ تھے،جبکہ تقریب میں پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رئیر ایڈمرل جمیل اختر سمیت فوجی وسویلین حکام نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری دفاع نے کہا کہ بحری جہاز بنگول اور بسول کی پی ایم ایس اے کے بحری بیڑے میں شمولیت خوش آنند ہے ،اس سے سمندر کی حفاظت میں بڑی مدد ملے گی اور پی ایم ایس اے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا،اس موقع پر جمیل اختر نے کہا کہ نئے جہاز سی پیک کی سیکیورٹی کے لئے استعمال ہو گے،انہوں نے کہا کہ نئے جہاز بیڑے میں شامل ہونے سے ملکی سمندری خلاف ورزیوں میں کمی ہوگی۔