کوئٹہ /چمن (آئی این پی )چمن شہر اور آس پاس کے علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی جبکہ وادی کوئٹہ میں ہلکی بارش ہوئی ۔ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے اسلام آ باد، خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں اور پنجاب کے شمالی حصوں میں پیر تک بارش کا امکان ظاہر کردیا۔ چمن سمیت شمالی بلوچستان میں موسم سرما کی پہلی بارش سے زمینداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔بارش برسانے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہو گئی ۔
رات بھر تیز طوفانی ہوائیں چلنے کے بعد صبح سے چمن پشین زیارت قلعہ عبداللہ توبہ اچکزئی کوڑک ٹاپ سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایک گھنٹے تک موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ، بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔ بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں ، بارش سے طویل خشک سالی کے خاتمے کی امید پیدا ہوگئی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ سے پیر کے دوران اسلام آباد ، خیبر پختونخوا، فاٹا اور بالائی پنجاب کے بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ۔