لاہور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے معروف نعت خواں اور فن کار جنید جمشید کی طیارہ حادثے میں ہونے والی ناگہانی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹ کے لیے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طیارہ حادثے کی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ اپنے ایک بہت بڑے سپورٹر سے محروم ہوگیا۔
پی سی بی نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے لیے بھی اظہار افسوس کیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پی سی بی کے لیے جنید جمشید کی کئی خدمات ہیں، وہ ڈومیسٹک اور بین الاقوامی کاوشوں میں کرکٹ بورڈ کا ایک اہم حصہ ہوا کرتے تھے اور ان کی کمپنی جے ڈاٹ پی سی بی کے ایونٹس میں اپنا تعاون ڈالنے کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتی تھی۔پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ جنید جمشید پی سی بی کے یوتھ ڈویلپمنٹ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرامز کے زبردست حامی تھے اور بورڈ کی ان کاوشوں کو سپورٹ کرتے تھے۔
پی سی بی میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنید جمشید کا مقبول قومی نغمہ دل دل پاکستان ایک طریقے سے قومی کرکٹ ٹیم کا ترانہ بن گیا تھا اور پاکستان ٹیم کے تقریبا ہر میچ میں شائقین پلے کارڈز پر ان الفاظ کو لکھ کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے ہیں۔آخر میں کرکٹ بورڈ نے جنید جمشید کے اہل خانہ سے مشکل کی اس گھڑی میں اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ جنید جمشید کا مثالی ورثہ آنے والی کئی نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔