اسلام آباد(آئی این پی) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سینما انڈسٹری کی بحالی پر وزیر اعظم خصوصی توجہ دے رہے ہیں ‘ وزیر اعظم جلد فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے فنڈ کے قیام کا اعلان کریں گے ‘ پاکستانی ثقافت میں ہر طرح کے رنگ ہیں ‘ فلم اور سینما کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا حقیقی تشخص اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ وہ ہفتہ کو انٹرنیشنل ماؤنٹین فلم فیسٹیول 2016ء کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے فلمی شعبے میں فنکاروں کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ وزیر اعظم جلد فلمی انڈسٹری کی بحالی کیلئے فنڈ کے قیام کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سینما انڈسٹری کی بحالی پر وزیر اعظم خصوصی توجہ دے رہے ہیںً پاکستان میں سینما انڈسٹری کو استحکام دے کر عالمی معیار کے مطابق بنایا جائیگا۔ فلم اور سینما کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا حقیقی تشخص اجاگر کیا جا سکتا ہے۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی ثقافت میں ہر طرح کے رنگ موجود ہیں۔ انٹرنیشنل ماؤنٹین فلم فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے طلبہ کو پاکستان کی ثقافت سے روشناس کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔