لاہور ( این این آئی)صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں فوڈ پراڈکٹس تیار کرنے والی فیکٹریوں کو محکمہ فوڈ سے رجسٹریشن کرانا ہو گی،غیر رجسٹرڈ اور دکانوں کے نام پر سرٹیفکیٹس لے کر فیکٹریاں چلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔انہوں نے لاہور کے علاقے شاہدہ میں کالاخطائی روڈ پر غیر معیاری اور مضر صحت آئس کریم،دیسی گھی اور مکھن بنانے والی دو فیکٹریوں پر چھاپہ مارتے ہوئے 25 ہزار کلوگرام سامان قبضہ میں لے لیا۔انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں چائلڈ لیبر،خراب جسمانی حالت،کیڑے مکوڑوں کی موجودگی اور انتہائی خراب ماحول میں آئس کریم اور مکھن تیار کیا جارہا تھا۔دونوں فیکٹریوں سے اڑھائی کروڑ روپے مالیت کے سامان کو سیل کرکے فیکٹریوں کو سر بمہر کر دیا گیا جبکہ مالکان اور عملہ کے خلاف ایف آئی آر درج کروا کر 16 لوگوں کو گرفتار کروایا گیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخوراک بلال یاسین نے کہا کہ ان فیکٹریوں میں بناسپتی گھی میں ناقص کلر اور فوڈ آئٹمز ملا کر اسے دیسی گھی میں تبدیلی کیا جارہا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان فیکٹریوں سے شہر کے شادی ہالوں کو غیر معیاری آئس کریم اورڈیری شاپس کو جعلی دیسی گھی سپلائی کیا جاتا ہے۔بلال یاسین نے فیکٹری میں پروڈکشن ایریا میں گندگی،حشرات کی موجودگی اور انتہائی ناقص صفائی کے انتظامات پر فیکٹری انتظامیہ کی سرزنش کی۔انہوں نے کہا کہ یہ افراد لوگوں کی صحت اور زندگی کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ایسے عناصر کے خلاف ہر صورت قانونی کارروائی ہو گی۔فیکٹری میں کام کرنے والا عملہ بغیر کسی تربیت،فوڈ سیفٹی تدابیر اور خراب جسمانی حالت میں کام کررہا تھا۔بلال یاسین نے موقع پر موجود محکمہ فوڈ کے عملہ کو سیمپلز جمع کرکے فیکٹری کو سیل اور مال کو ضبط کرکے ضائع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ غیررجسٹرڈ فیکٹریاں فوڈ پراڈکٹس تیار نہیں کر سکتی اور ایسے لوگ فوڈ سیفٹی سٹینڈرڈز کا خیال نہیں رکھتے ان کو عوام کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ان کے گرد شکنجہ سخت کیا جارہا ہے۔بلال یاسین نے موقع پر متعلقہ ایس ایچ او کو بلا کر افراد کی گرفتاری اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔