اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز(پی آئی اے) کے چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے میں معروف شخصیت جنید جمشید بھی سوار تھے۔جنید جمشید اور ان کی اہلیہ نیہا جنید ممکنہ طور پر اس حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں، تاہم ابھی اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی جاسکی ہے کیونکہ اب تک وہاں ریسکیو کا کام جاری ہے۔جنید جمشید جو تبلیغی دورے پر چترال میں موجود تھے وہ اہل خانہ کے ہمراہ متاثرہ طیارے سے اسلام آباد آرہے تھے۔اطلاعات کے مطابق ، جنید جمشید نے پارلیمنٹ کی مسجد میں جمعے کا خطبہ دینا تھا۔ایک امدادی کارکن کاشف نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران انہیں جنید جمشید کے وزیٹنگ اور شناختی کارڈز ملے۔خیال رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 میں 47 افراد سوار تھے۔جنید جمشید نے چترال میں اپنی مصروفیات کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی شیئر کی تھی۔