اسلام آباد (این این آئی)گلوکاری سے شہرت حاصل کرنے کے بعد اپنی زندگی اسلام کیلئے وقف کردینے والے جنید جمشید کے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر پاکستان کی معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق جنید جمشید پی آئی اے کے اس طیارے میں سوار تھے جو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔جنید جمشید اور ان کی اہلیہ نیہا جنید حادثے میں جاں بحق ہوئے ۔خبر کے سامنے آنے کے بعد پاکستانی سیلیبریٹز نے غم کا اظہار کیاکچھ نے جنید جمشید کے ساتھ تصاویر پوسٹ کیں جبکہ دیگر نے ان کی زندگی کے مختلف لمحات کو یاد کیا۔
جنون بینڈ تشکیل دینے والے سلمان احمد نے ٹوئٹر پر لکھا کہ نیویارک میں ایک طیارے پر سوار ہونے کے بعد یہ خبر ملی ٗخدا سے التجا کہ یہ خبر درست نہ ہو اللہ جنید جمشید سمیت ہر ایک کو محفوظ رکھے۔ماہرہ خان نے لکھا کہ دل اتنی زندگیوں کے نقصان پر خون کے آنسو رو رہا ہے ٗ ہم نے ایک اور آئیکون کھو دیا جو کہ بہت بہت زیادہ افسردہ کن ہے۔قرۃ العین بلوچ نے یہ ٹوئیٹ کیا کہ جنید جمشید ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، جس سے شاک اور دل ٹوٹ گیا ہے۔پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے یہ میسج کیا کہ میرا دل پی آئی اے کے طیارے کے حادثے پر اداسی سے ڈوب رہا ہے، میرے دوستوں جنید جمشید اور علی اکرم کے بارے میں بھی خدشات ہیں جو اس پر سوار تھے۔فخر عالم کے مطابق اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ میرے دوست اور پڑوسی جنید جمشید بھی اس بدقسمت پرواز میں موجود تھے۔انہوں نے ایک اور ٹوئیٹ میں لکھا کہ ہر دل دل پاکستان آج اداس ہوگیا ٗ ہمارا ایک دوست ہم سے جدا ہوگیا ٗ جنید جمشید ہمیشہ ایک پاکستانی آئیکون رہے گئے۔