اسلام آباد (این این آئی)چترال سے اسلام آباد کے اڑان بھرنے والی پی آئی اے کی بد قسمت پرواز پی کے 661میں سوار جنید جمشید نے پارلیمنٹ کی مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینا تھا ۔ذرائع کے مطابق ممتاز نعت خواں جنید جمشید تبلیغی دورے پر دس روز کیلئے چترال گئے تھے وہ حادثے کا شکار ہونے والے بد قسمت طیارے میں اسلام آباد آرہے تھے ذرائع کے مطابق جنید جمشید کا ایک روز قبل پارلیمنٹ کی مسجد کے خطیب مولانا احمد الرحمن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا اس دور ان جنید جمشید نے پارلیمنٹ کی مسجد میں جمعہ کا خطبہ دینے کی رضا مندی ظاہر کی اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ کی مسجد کے خطیب جنید جمشید کو ائیر پورٹ سے لینے جارہے تھے کہ راستے میں انہیں طیارے کے حادثے میں اطلاع ملی ۔
معروف نعت خواں جنید جمشید کے منیجر نے کہا ہے کہ جنید جمشید نے آئندہ جمعہ پارلیمنٹ کی مسجد میں خطبہ دینا تھا اور نماز بھی پڑھانی تھی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جنید جمشید کے منیجر نے بتایا کہ جنید بھائی کی پارلیمنٹ کی مسجد کے خطیب سے بات ہوئی تھی جس کے بعد وہ اسلام آباد واپس آرہے تھے۔ یہاں اسلام آباد میں جنید جمشید نے کاروباری معاملات بھی دیکھنے تھے جبکہ اپنے اہل خانہ سے بھی ملاقات کرنا تھی ۔انہوں نے بتایا کہ جنید جمشید نے 9دسمبر کو پارلیمنٹ کی مسجد میں خطبہ جمعہ دینا تھا اور نماز کی امامت بھی کرانی تھی۔