اسلام آباد(آئی این پی)بھارتی کوششیں ناکام،بنگلہ دیش اورافغانستان نے پاکستان کی حمایت کردی،اہم قرارداد منظور،چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ہم ایشیائی پارلیمانی اسمبلی میں پوری تیاری سے گئے تھے‘ وہاں پر ڈرافٹنگ کمیٹی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قرارداد پاس کی کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ‘ مسئلہ کشمیر پر بنگلہ دیش اور افغانستان نے بھی پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ۔
منگل کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ بنگلہ دیش اور افغانستان نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔ ہم کمبوڈیا میں ہونے والی ایشین پارلیمنٹری اسمبلی میں دو رکنی وفد کے ساتھ پوری تیاری کر کے گئے تھے اور ڈرافٹنگ کمیٹی میں قرارداد پاس کروائی کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ پہلے سے پیش بندی کر کے تمام ممالک کو اعتماد میں لیا جائے تو ہر مسئلے کے مثبت نتائج نکلتے ہیں۔ 24 ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ابھی میں اس پر اپنا موقف بیان نہیں کر سکتا یہ معاملہ سینٹ میں آئے گا تو دیکھیں گے۔