کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ بلدیہ ٹائون کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولا نے ایم کیو ایم کا کارکن ہونے کا اعتراف کر لیا ۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق سانحہ بلدیہ ٹائون کے مرکزی ملزم رحمان عرف بھولانے انٹرپول کوایک اعترافی بیان دیاہے جس میں اس نے اعتراف کرلیاہے کہ وہ ایم کیو ایم کا کارکن ہے۔ بیرون ملک فرار ہونے سے قبل وہ 2 برس تک ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج رہا تھاجبکہ وفاقی وزارت داخلہ نے رحمان عرف بھولاکی گرفتاری کےلئے ٹیم تھائی لینڈروانہ کردی ہے ۔
اسلام آباد(آئی این پی ) تھائی لینڈ کے دار الحکومت بنکاک میں گرفتار سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ عبد الرحمن عرف بھولا کی حوالگی کے لئے ایف آئی اے اور کراچی پولیس کی مشترکہ ٹیم (آج )بدھ کو بیرون ملک روانہ ہو گی ، ڈی جی ایف آئی اے نے ایف آئی اے کراچی کے دو افسروں کو پولیس کی معاونت کے لئے مامور کردیا ، ملزم کو آئندہ ایک سے دو روز تک پاکستان لایا جائے گا۔منگل کوایف آئی اے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے محمد املیش کی سفارش پر سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ماسٹر مائنڈ عبد الرحمن عرف بھولا کو تھائی لینڈ سے پاکستان لانے کے لئے ایف آئی اے کے دو افسروں کوپولیس کی معاونت کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی ہے جو افسر بیرون ملک جائیں گے ان میں ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کراچی کے ڈپٹی ڈائریکٹر بدر الدین بلوچ اور انسپکٹررحمت اللہ ڈھومکی شامل ہیں، ایف آئی اے افسروں کے ساتھ کراچی کے مقامی تھانے کی پولیس ٹیم بھی جائے گی جو ملزم کو بنکاک پولیس سے اپنی تحویل میں لے کر پاکستان لائے گی ۔ذرائع کے مطابق کراچی پولیس اور ایف آئی اے افسروں پر مشتمل ٹیم (آج )بدھ کو کراچی سے تھائی لینڈ روانہ ہوجائے گی اور آئندہ ایک سے دو روز تک ملزم کو پاکستان لایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ ملزم عبد الرحمن عرف بھولا کوحکومت پاکستان کی درخوست پر جمعرات کو انٹرپول نے بنکا ک کے ایک ہوٹل سے گرفتار کرکے مقامی پولیس کے حوالے کیا تھا ۔