اسلام آباد(این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ سپریم کورٹ میں لکھی جارہی ہے اور یہاں سے انصاف پر مبنی فیصلہ آئے گا۔پاناما کیس کی سماعت کے موقع پر سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہاکہ عدلیہ اپنی عزت و
وقار کے لیے زندہ ہے اور یہاں سے انصاف کی مکمل توقع ہے، پاکستان کی تاریخ سپریم کورٹ میں لکھی جارہی ہے اور یہاں سے انصاف پر مبنی فیصلہ آئے گا جب کہ نروس قیادت ہر روز نئے نئے دستاویزات دیتے ہیں تاہم 20 کروڑ عوام جانتے ہیں کہ فلیٹ قطری کا نہیں نواز شریف کا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 1993 ملک میں
کرپشن کا سال تھا اور یہی وہ دور تھا جب موٹروے کے ٹینڈر نکلے لیکن کرپشن کا پیسہ کبھی کسی کا نہیں ہوا تاہم حکمرانوں کا انجام بہت قریب ہے اور کرپٹ لوگوں کا سپریم کورٹ سے تابوت نکلے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ جن کا کیس چل رہا ہے وہ دولت کے لیے زندہ ہیں، جائیدادیں بچوں کے نام اس وقت کی گئیں جب ان کی
عمریں اسکول جانے کی تھیں جب کہ میرے ہاتھ نواز شریف کے ساتھ رہ کر بھی شفاف ہیں، میں نے آٹھ وزارتیں کیں لیکن میرے ہاتھ صاف ہیں۔