اسلام آباد(این این آئی) جماعت اسلامی نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ میں ایک اور درخواست دائر کر دی ہے۔جماعت اسلامی کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی متفرق درخواست میں استدعا کی گئی کہ انکوائری کمیشن نیب اور ایف آئی اے کو ضروری کارروائی کی ہدایات دے۔ تحقیقاتی ادارے تمام ریکارڈ کمیشن کو پیش کریں۔ انکوائری کمیشن کو عدالتی اختیارات حاصل ہوں ٗکمیشن کو ٹیکس گوشوارے اور جائیداد کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں ٗاستدعا کی گئی کہ کمیشن تمام دستاویزات کا فرانزک آڈٹ کرائے۔ کمیشن بوقت ضرورت دوسرے ممالک سے بھی دستاویزات منگوائے۔ پانامہ میں جن افراد کا نام آیا، کمیشن انہیں فریق بنائے۔ کمیشن اپنا کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کرے۔ ذیلی کمیشن بھی ججزپر مشتمل ہو، بوقت ضرورت کمیشن ذیلی کمیشن بھی تشکیل دے۔