لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ڈاکٹروں کے مشورے سے علاج کیلئے لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر اعلیٰ منگل کو لاہور سے لندن روانہ ہو جائیں گے ۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلی پنجاب لندن روانگی سے قبل نئے چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ اور نئے جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل زبیر حیات سے ملاقات کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں شبہاز شریف نے ڈاکٹروں کے مشورے پر آئندہ دو یوم میں علاج کے لئے لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہاں جا کر اپنی انجیو گرافی کرائی جا سکے ۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کئی سال سے طبیعت ناساز رہنے کے ساتھ ساتھ ان کو زیادہ کام کرنے کی وجہ سے تھکاوٹ محسوس ہوتی تھی جس کا باقاعدہ علاج ایک عرصہ سے اپنے لندن کے ڈاکٹروں کی ٹیم سے کرا رہے ہیں اور اب بھی اپنا چیک اپ کرانے کے ساتھ ساتھ انجیو گرافی کرائیں گے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان کی صحت کے پیش نظر ڈاکٹروں نے ان کو زیادہ کام کرنے سے منع کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اس سے قبل ہی لندن میں علاج کےلئے جاچکے ہیں ۔