پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ عمران خان لاک ڈاؤن کرتے یا نہیں نوازشریف نے پہلے کر دیا،لاک ڈاؤن میں حکومت اور عمران خان دونوں نے ضد اور غلطیاں کیں، سی پیک میں حصہ نہ دیا تو واشنگٹن میں بھی نہیں چھوڑیں گے۔
اے این پی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے چارسدہ سرڈھیری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے سے ہوا نکل گئی اور یوم تشکر میں تبدیل کر دیا،عمران خان پختونوں کی نمائندگی کی بات کرتا ہے تو سی پیک کیلئے دھرنا دے اور اے این پی سی پیک کے معاملے میں ساتھ دے گی،اسفندیارولی کا کہنا تھا کہ تخت لاہورکے لیے دھرنا دیا جاسکتا ہے تو سی پیک کے لئے کیوں نہیں؟
سی پیک میں حصہ نہ دیا تو واشنگٹن میں بھی نہیں چھوڑیں گے،میاں صاحب سی پیک کے انڈسٹریل ایریا کی لسٹ جاری کریں ،لسٹ میں کے پی کا نام ہو تو میں معافی مانگ لوں گا اگر نہیں تو میرے ہاتھ اور آپ کا گریبان ہوگا،احسن اقبال دنیا بھر کے جھوٹے ہیں اور نواز شریف کہتے ہیں ان سے با ت کریں ،میاں صاحب سی پیک سے متعلق ہم سے خود بات کریں انہوں نے کہا کہ عمران خان کا دھرنا یوم تشکر میں تبدیل کرنا دیر آئید درست آئید ہے صوبائی اسمبلی تحلیل ہوئی تو سب سے پہلے اے این پی مخالفت کریگی اورسڑکوں پر ہوں گے لاک ڈاؤن میں دونوں نے ضد اور غلطیاں کیں۔