لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے دھرنے کا خوف حکومتی ایوانوں میں شدت اختیار کرگیا، پنجاب حکومت نے لاہور کے تمام لاری اڈے دو نومبر تک بند کراد یئے ،اسلام آباد روٹ پر بس چلانے والوں کو 20ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دیدی۔لاہور میں ٹرانسپورٹرز نے دعوی کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے کارکنوں کی اسلام آباد روانگی روکنے کے لئے شہر کے تمام لاری اڈے دو نومبر تک بند کردیئے ہیں ، اس دوران نہ تو کوئی مسافر بس لاہور سے باہر جاسکے گی اور نہ ہی باہر سے لاہور میں داخل ہوسکے گی۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر بیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، بس اور اڈہ بھی سیل کردیا جائے گا۔لاری اڈے بند کرنے کی خبرسے مسافروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی۔ مسافر کہتے ہیں کہ موجودہ صورت حال میں عام آدمی کا کیا قصور ہے۔ حکومت کوئی متبادل طریقہ اختیار کرے اور بسوں کی بندش کا فیصلہ فوری واپس لے۔