لاہور(این این آئی ) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نور الامین مینگل نے فوڈ سیفٹی آفیسر طاہرہ کلثوم کے ہمراہ مختلف فوڈ پوائنٹس کا اچانک معائنہ کیا اور دوران معائنہ اور کوالٹی کے اعلی معیار کوبرقرار رکھنے پر رشید بیکری واقع پونچھ روڈ کو پانچ ہزار نقد انعام دے کر ایک منفرد رایت قائم کی ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سیفٹی آفیسرز کو تمام فوڈ پوائنٹس کو صفائی اور کوالٹی کے معیار کو برقرار رکھنے کے لئے متحرک کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے نہ صرف صفائی اور کوالٹی کے اعلی معیار کو برقرار کھنے کی ہدایت جاری کہ بلکہ انہیں تنبیہ کی کہ خوراک میں ملاوٹ ایک گھناؤنا جرم ہے جونا قابل معافی ہے اور اچھی فوڈ فراہم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی بے حد ضروری ہے جس سے عوام میں اچھی خوراک کے حوالے سے آگاہی پائی جائے گی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف ٹاؤنز کا اچانک دورہ کیا خوراک کے
معیار،صفائی کے انتظامات کے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق خوراک کی تیاری کے مراحل کا جائزہ لیا۔ دوران معائنہ رشید بیکری کے تمام شعبہ جات انتہائی صاف اور فوڈ اعلی معیار اور دوسرے فوڈ پوائنٹس کے لئے ایک قابل تقلید مثال قرار دیا ہے اور پانچ ہزار روپے نقد انعام دے کر عوام میں پائے جانے والے اس تاثر کو زائل کیا کہ فوڈ اتھارٹی صرف ناقص خوراک پر جرمانے کے سزائیں دیتی ہے بلکہ خوراک اور صفائی کا اعلی معیار ہونے پر نقد انعام سے بھی نوازتی ہے۔اس موقع پر موجود عوام نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے اس اقدام ر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے تمام فوڈ سیفٹی آفیسرز کو ہدایات جاری کیں کہ ناقص خوراک پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوام کو اعلی معیار کی خوراک فراہم کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے۔