لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف ماضی کے برعکس رائیونڈ مارچ اور جلسے کیلئے بھرپور مالی تعاون حاصل نہ ہونے کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے ،پارٹی فنڈز کاآڈٹ نہ ہونے کے باعث اوور سیز سپورٹرز نے بھی ہاتھ کھینچ لئے ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے رائیونڈ کی طرف مارچ اور جلسے کیلئے کروڑوں روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے تاہم سپورٹرز کی طرف سے ماضی کے برعکس مذکورہ پروگرام کیلئے بھرپور مالی تعاون فراہم نہیں کیا گیا جس کے باعث پارٹی قیادت کے پریشانی سے دوچار ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اس سے قبل اس طرح کے کسی بھی پروگرام کے اخراجات پورے کرنے کے لئے صرف پارٹی کے بعض رہنماؤں کو ذمہ داری سونپتے تھے تاہم اس مرتبہ انہیں خود سامنے آنا پڑا ہے اور انہوں نے ایک روز قبل اپنے ویڈیو پیغام میں بھی سپورٹرز سے مالی سمیت ہر طرح کے تعاون کی اپیل کی ہے ۔ ایک اور ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو اخراجات پورے کرنے کیلئے اوور سیز کا بھی بڑا تعاون میسر ہوتا تھا تاہم ماضی میں دئیے گئے فنڈز کے آڈٹ کا مطالبہ بھی کیا جاتا رہا ہے جس کے پورا نہ ہونے کے باعث اس مرتبہ اوور سیز نے بھی کوئی خاص تعاون نہیں کیا ۔