کراچی( آن لائن )کراچی میں پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے 4 کارکنوں کو قتل، چوری اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان پر شہر بھر میں 150 سے زائد جیولری کی دکانوں اور گھروں میں ڈکیتی سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام بھی ہے۔کراچی میں ضلع غربی کے سینئر سپریٹینڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) پیر محمد شاہ نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے مومن ا?باد کے علاقے میں رحیم شاہ کالونی کے قریب مقابلے کے بعد ملزمان محمد امجد عرف بابو، ارشد حسین، محمد شاکر اور جنید محمود عرف جمی کو گرفتار کیا۔پولیس عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ گرفتار ملزمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے دو کارکنوں سمیت 5 افراد کے قتل اور 50 سے زائد جیولری کی دکانوں اور گھروں میں ڈکیتی سمیت 100 سے زائد اسٹریٹ کرائم کے واقعات میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے۔پولیس افسر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔خیال رہے کہ اس موقع پر جیولرز ایسوسی ایشن کے اراکین بھی موجود تھے۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 3 کروڑ مالیت کا سونا بھی برآمد کیا ہے جو کہ جیولری کی متعدد دکانوں سے چوری کیا گیا تھا اس کے علاوہ ان کے قبضے سے 210 موبائل فونز بھی برآمد ہوئے۔